اسلام آباد ۰نیوز ڈیسک)اگر آپ دن بھر کی مصروفیات کے باعث باقاعدہ ورزش کا وقت نہیں نکال پاتے مگر صحت مند رہنا چاہتے ہیں، تو پریشان نہ ہوں—آپ چند منٹ کی تیز چہل قدمی سے بھی جسمانی فٹنس برقرار رکھ سکتے ہیں۔امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق، فٹ رہنے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ گھنٹوں جم میں وقت گزاریں۔ صرف کچھ منٹ کی تیز رفتار واک بھی صحت میں نمایاں بہتری لا سکتی ہے، خاص طور پر درمیانی عمر یا عمر رسیدہ افراد کے لیے۔تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اگر کوئی شخص فی منٹ 14 قدم کی رفتار سے تیز چہل قدمی کرتا ہے تو اس سے اس کی جسمانی طاقت اور صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ تحقیق میں درمیانی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔
ایک گروپ کو عام رفتار جبکہ دوسرے گروپ کو تیز چہل قدمی کی ہدایت دی گئی۔نتائج سے معلوم ہوا کہ تیز رفتار واک کرنے والے افراد کی جسمانی کارکردگی، توازن اور مضبوطی میں واضح بہتری دیکھی گئی، جب کہ معمول کی رفتار سے چلنے والے افراد میں یہ فرق اتنا نمایاں نہیں تھا۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چہل قدمی ایک آسان اور مؤثر جسمانی سرگرمی ہے جو روزمرہ کے معمولات میں شامل کی جا سکتی ہے۔ چاہے آپ دفتر میں ہوں یا کسی اور جگہ، تھوڑا وقت نکال کر تیز قدموں سے چلنے کی عادت اپنا کر جسمانی فٹنس کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے “PLOS One” میں شائع ہوئے ہیں۔