اسلام آباد (نیوزڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری، بغدادی میں جمعہ کی صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پانچ منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہو گئی۔ حادثے میں اب تک چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عمارت مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔ اب تک چھ زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جب کہ خدشہ ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔امدادی حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں کل چھ خاندان رہائش پذیر تھے۔ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال جاری ہے، تاہم علاقے کی تنگ گلیاں اور بند راستے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سبب بنے۔
حادثے کے فوراً بعد اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ عمارت کے ساتھ قائم دو اور سات منزلہ عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ گیس اور بجلی کی لائنوں کو حفاظتی طور پر کاٹ دیا گیا ہے۔دوسری جانب سول اسپتال کے ٹراما سینٹر کے مطابق، ایک 40 سالہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں لایا گیا ہے جسے کئی فریکچر اور چوٹیں آئی ہیں۔حکام کے مطابق ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں مسلسل جاری ہیں، اور جائے وقوعہ پر ہنگامی صورتحال برقرار ہے۔