لاہور( این این آئی)ایشیا ء کے 10 بہترین قرض دہندگان میں 4 پاکستانی بینک بھی شامل ہیں، یو بی ایل خطے میں دوسرا نمبرپر ہے ،بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 15بینکوں کی فہرست میں 7بھارتی قرض دہندگان کو شامل کیا گیا۔ایس اینڈ پی گلوبل انٹیلی جنس کی رپورٹ کے مطابق 2024میں ایشیا ء کے 10 سرفہرست قرض دہندگان کی فہرست میں پاکستان کے 4بینک بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسٹاک کے ساتھ ایشیا ء کے قرض دہندگان کی درجہ بندی میں پاکستانی بینکوں کا غلبہ رہا، کیونکہ خطے کی ترقی پذیر معیشتوں میں واقع متعدد بینکوں نے روایتی پاور ہائوس ممالک کے مقابلے میں مجموعی منافع کے اعتبار سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ پاکستان میں قرض دینے میں سر فہرست رہا، یو بی ایل جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ارب 68کروڑ ڈالر ہے نے خطے کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینک اسٹاک کی درجہ بندی میں 159.7فیصد کا مجموعی اسٹاک ریٹرن ریکارڈ کیا اور ایشیا ء بھر میں دوسرے نمبر پر رہا۔یو بی ایل، انڈونیشیا کے پی ٹی بینک ارتھا گرہا بین الاقوامی ٹی بی کے سے ایک درجہ نیچے ہے جس کا مارکیٹ کیپ 2کروڑ 70لاکھ ڈالر ہے اور اس نے سال بھر میں 193.2فیصد کا مجموعی منافع کمایا۔سرفہرست 10پاکستانی بینکوں میں نیشنل بینک آف پاکستان 108.4فیصد، بینک الفلاح لمیٹڈ 107.1فیصد اور بینک آف پنجاب نے 98.4فیصد منافع پیش کیا۔الائیڈ بینک لمیٹڈ اور حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ کو بالترتیب 94.5فیصد اور 93.2فیصد منافع کے ساتھ ٹاپ 15بینکوں کی فہرست میں 14ویں اور 15ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
جاپان واحد ملک ہے جس کے متعدد قرض دہندگان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 10بہترین بینکوں میں شامل ہیں جبکہ باقی پوزیشنز انڈونیشیاء ، ویتنام، بنگلہ دیش اور فلپائن کے ایک ایک بینک نے حاصل کی ہیں۔اس درجہ بندی میں ایشیا ء کے قرض دہندگان کا جائزہ لیا گیا ہے جن کا مارکیٹ کیپٹل 31دسمبر تک 10کروڑ ڈالر سے زیادہ تھا۔اعداد و شمار کے مطابق اسمال کیپ بینک اس فہرست میں سرفہرست ہیں، اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 15قرض دہندگان میں سے صرف 6نے ایک ارب ڈالر کی مارکیٹ کیپ کو عبور کیا ہے۔چین یا بھارت میں کسی بھی قرض دہندہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ 15کی فہرست میں جگہ نہیں بنائی۔بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 15بینکوں کی فہرست میں 7بھارتی قرض دہندگان کو شامل کیا گیا۔