اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھے صرف 3 لاکھ بندے دے دیں تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ڈی چوک پر دھرنا دوں گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے دھرنا واحد آپشن ہے، پھر ہم اسٹیبشلمنٹ سے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ خود ہم سے بات کرے گی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہمارے 300 سے 400 پارلیمنٹرینز ہیں، وہ احتجاج میں کیوں نظر نہیں آئے، صوابی کے جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنی جیب سے اخراجات اٹھائے۔
اْنہیں احتجاج کرنے کی ضرورت کیا ہے؟شیرافضل کا کہنا تھا کہ کیوں ایک وزیراعلیٰ پر ساری چیزیں لاد رہے ہیں، اگر علی امین گنڈاپور کو مائنس کردیں تو پارٹی کے پاس کوئی دوسرا چہرا نہیں ہے، پارٹی کے پاس کوئی متبادل قیادت ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ 11 اپریل سے آج تک میں سائیڈلائن ہوں، بانی پی ٹی آئی نے مجھے کمیٹی بنانے کا کہا بعد میں اْنہیں کہا گیا کہ میں سارا کریڈٹ لے جاتا ہوں، کریڈٹ بھلے میرے مخالفین لے لیں، لیکن بانی پی ٹی آئی کو رہا تو کروادیں۔
فواد چوہدری کے بارے میں شیرافضل مروت نے کہا کہ فواد چوہدری کو خواہ مخواہ بیر لینے کا شوق ہے، فواد نے ابھی تک اپنی استحکام پاکستان پارٹی چھوڑنے کا اعلان بھی نہیں کیا، اْنہیں کون سی پارٹی لے گی؟ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے کسی پارٹی کو چھوڑا ہے؟ اْنہوں نے پی ٹی آئی میں سے کسی کو بھی تنقید کرنے سے نہیں چھوڑا لیکن جب پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے اور ڈٹ جانے کا وقت تھا اْس وقت وہ بھاگ گئے۔شیر افضل کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی فیصل چوہدری کو پارٹی سے قربت مل رہی تھی، اب وہ اپنے بھائی کا بھی پتا کاٹ رہے ہیں۔