کابل(این این آئی)افغانستان میں جانداروں کی تصاویر ٹی وی پر نشر یا میڈیا میں شائع کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس قانون کے نفاذ پر بتدریج عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ مذہبی و اخلاقی امور کے ترجمان نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ جانداروں کی تصاویر کی اشاعت پر پابندی مرحلہ وار نافذ کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ باور کرائیں گے کہ اسلام میں جانداروں کی تصاویر لینا اور پھیلانا حرام ہے۔افغان حکومت نے میڈیا کو ہدایت کی ہے کہ دینی تعلیمات اور احکام کے منافی چیزیں شائع نہ کریں اور ان تعلیمات کا تمسخر بھی نہ اڑائیں۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تصاویر سے متعلق قانون ابتدائی مرحلے میں قندھار اور میدان وردک صوبوں میں نافذ کیا گیا ہے، صوبے تخار میں بھی یہ قانون نافذ کیا جا رہا ہے۔