خیرپور(این این آئی)صوبہ سندھ کے شہر رانی پور میں کمسن ملازمہ کی تشدد و ہلاکت کیس میں بچی کے والد کی پیسوں کی لین دین سے متعلق گفتگو سامنے آگئی۔انسداد دہشت گردی خیرپور کی عدالت میں رانی پور میں کمسن ملازمہ فاطمہ کے قتل کے کیس کی سماعت میں مقتولہ بچی کی مدعی والدہ کی جانب سے ملزمان کو بیان حلفی میں بے گناہ قرار دیا گیا تھا۔اب بچی کے والد کے ویڈیو بیان میں پیسوں کی لین دین کی بات چیت سامنے آئی ہے۔
ویڈیو بیان گزشتہ روز عدالت میں بیان حلفی جمع کرانے کے بعد ریکارڈ کیا گیا تھا۔عدالت نے مقتولہ کے والد سے استفسار کیا کہ آپ کو پیسوں وغیرہ کی آفر ہوئی ہے؟ اس پر بچی کے والد ندیم نے عدالت کو بتایا کہ ایک صاحب نے ہمیں کہا کہ امانت اسکول کے مالک کے پاس پڑی ہے، آپ اسکول کے مالک سے پوچھیں آپ کو یہ امانت کس نے دی ہے؟مقتولہ بچی کے والد سے عدالت سے استفسار کیا کہ وہ امانت کتنی تھی؟ اس پر مقتولہ بچی کے والد ندیم نے عدالت کو بتایا کہ یہ خبر نہیں 1 لاکھ ہیں یا 2 لاکھ ہیں، ہمارے سب عزیز رشتے دار بیانات سے مکر گئے، وہ پیروں کے خاص آدمی ہیں، پیسے دئیے، سب کچھ دیا ہے۔