بنوں(این این آئی ) بنوں میں حالات معمول پر آگئے، کاروبار اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہیں۔شہر اور گردونواح میں موبائل سروس بحال کر دی گئی ہے۔ پولیس لائن چوک پر تاجر برادری، سول سوسائٹی، علمائے کرام اور سیاسی جماعتوں کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔دھرنا کمیٹی کا کہنا ہے کہ پولیس کو بااختیار اور رات کے وقت علاقے میں گشت کیا جائے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سی ٹی ڈی کو شامل کیا جائے، لاپتہ افراد کو سامنے لایا جائے۔
دوسری جانب بنوں واقعے پر جرگہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرے گا جس میں جرگہ مظاہرین کا 16 نکاتی ایجنڈا سامنے لایا ہے۔محکمہ داخلہ خیبر پختوںخوا کا کہنا ہے کہ 19 جولائی کو پْرامن اجتماع ہوا، مظاہرین کی آڑ میں کچھ شرپسندوں نے پتھراؤ کیا، ڈپو کی منہدم دیوار کی جگہ قائم خیموں کو آگ لگائی۔محکمہ داخلہ نے کہا کہ چھوٹے ہتھیاروں سے فائر کیا گیا، پولیس نے انہیں وہاں سے نکالنے کی کوشش کی، اس دوران ایک شخص جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے۔