اسلام آباد (این این آئی)وفاق میں حکومت بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماں کی پریس کانفرنس کے دوران آصف علی زرداری کی اپنے بیٹے بلاول بھٹو کو پرنس چارمنگ کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔20 اور 21 فروری کی درمیابی شب اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما آصف زرداری اپنے بیٹے اور پیپلزپارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو اور مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کے درمیان بیٹھے تھے۔
اس دوران اپنی گفتگو کے آغاز کے دوران آصف زرداری نے بلاول بھٹو کے کاندھوں پر ہاتھ رکھ کر انہیں پرنس چارمنگ کہا اور شہباز شریف کو میرا بھائی کہہ کر مخاطب کیا۔آصف زرداری کی جانب سے بیٹے کو پرنس چارمنگ کہنے پر بلاول بھٹو پہلے حیران ہوئے اور پھر مسکرا دیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ بلاول کی اس مسکراہٹ کے پیچھے کے جذبات ہم سب جانتے ہیں۔یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاق میں مل کر حکومت سازی کا اعلان کرتے ہوئے شہباز شریف کو وزیر اعظم اور آصف علی زرداری کو صدر مملکت کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔