کراچی ( این این آئی)بھارت کے ممبئی ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے پر سعودی طیارہ کراچی آنے پر مجبور ہوگیا۔سعودی عرب کی قومی ایئرلائن سعودیہ کا طیارہ ممبئی کے قریب پہنچنے کے بعد واپس مڑ گیا اور پھر کراچی میں اترنے سے پہلے بحیرہ عرب کے اوپر سے پرواز کی۔سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودیہ کی پرواز ایس وی 805 نے رات بنگلہ دیش کے ڈھاکہ ہوائی اڈے سے ریاض کے لیے اڑان بھری تھی۔
طیارہ ہندوستانی فضائی حدود میں تھا جب اس نے 44 سالہ ابو طاہر نامی مسافر کو درپیش طبی ہنگامی صورتحال کی اطلاع دی۔پائلٹ نے راستہ تبدیل کیا اور ممبئی ہوائی اڈے کی طرف روانہ ہوا۔ تاہم ائر ٹریفک کنٹرولر نے اسے دوبارہ رخ موڑنے اور کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کرنے کو کہا۔اس کے بعد طیارہ بحیرہ عرب کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے صبح 7 بج کر 28 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طبی امداد فراہم کی۔مسافر کو طبی امداد ملنے کے بعد طیارہ کراچی سے ریاض روانہ ہوگیا۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ ہندوستانی حکام نے سعودی طیارے کو ممبئی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت دینے سے انکار کیوں کیا۔