اسلام آباد(این این آئی)نگراں وفاقی حکومت نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وفاقی دارالحکومت میں نئے سال کی ہونے والی تمام تقریبات کے اجازت نامے منسوخ کردئیے،نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے اعلان کی روشنی میں اسلام آباد انتظامیہ نے سال نو کے حوالے سے تمام تقریبات منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نگراں وزیراعظم کی ہدایت پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کی تقریبات، میوزیکل نائٹس، فائیر ورکس کے اجازت نامے منسوخ کردئیے گئے۔انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو نئے سال کی مناسبت سے کسی بھی قسم کی تقریبات کے انعقاد سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعظم کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سال نو کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا۔