اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف قرض کی اگلی قسط کی منظوری کیلئے کوششیں جاری ہیں تاہم اب تک اس حوالے سے ڈید لاک برقرار ہے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا، میں پاکستان کا نام شامل نہیں تاہم معاملات کی منظوری کیلئے یوگینڈا، آئس لینڈ سمیت دیگر ممالک کے نام شامل ہیں۔ذرائع وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ حکام اور آئی ایم ایف حکام آئندہ دنوں ورچوئل رابطے کریں گے، اسٹاف لیول معاہدے کی صورت میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا خصوصی اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔حکام وزارت خزانہ کے مطابق 6.5ارب ڈالر کا آئی ایم ایف قرض پروگرام 30جون کو ختم ہورہا ہے، پاکستان کو اب تک 3.9ارب ڈالر ہی حاصل ہوسکے ہیں، آئی ایم ایف کی جانب سے تقریبا 2.5ارب ڈالر زیر التواء ہیں۔