اسلام آباد( این این آئی)قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کے ٹوئٹ پر کپتان بابر اعظم کا ردعمل آگیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق نے لکھا تھا کہ زندگی ایک غیر متوقع سفر ہے اس لیے کسی سے کچھ امید نہ رکھیں صبر کریں، اللہ دیکھ رہا ہے۔
اس سے قبل امام الحق نے پریس کانفرنس میں ساتھی کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی تھی اور مزید تجربات نہ کرنے کا کہا تھا۔امام الحق کو نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں نہیں کھلایا گیا تھا جس کے بعد اب انہوں نے پانچویں میچ سے قبل یہ پیغام شیئر کیا تھا۔کرکٹ حلقوں کا کہنا تھا کہ امام الحق کو پریس کانفرنس میں بیان کی وجہ سے نہیں کھلایا جارہا ہے۔تاہم پانچویں میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے اس ٹوئٹ سے متعلق سوال کیا گیا جس پر بابر نے جواب دیا مجھے معلوم نہیں، میں نے موبائل دیکھا نہیں کہ اس نے ٹوئٹ کی ہے یا نہیں، ابھی دیکھتے ہیں اس نے کیا ٹوئٹ کی ہے۔کپتان نے مزید کہا ہماری ٹیم میں ناراضگی نہیں ہوتی، ہماری ٹیم کا اتحاد کافی اچھا ہے اور رہے گا، فیملی میں اگر کوئی بات ہوجاتی ہے تو ہم کوشش کرتے ہیں وہ بات ہم تک رہے باہر نہ جائے، لڑکے ایسی حرکت کرتے بھی نہیں ہیں، ٹیم میں فیملی کی طرح بھروسہ ہے۔بابر کا مزید کہنا تھا ہماری ٹیم میں بھروسے کا لیول کافی اچھا ہے، مجھے نہیں لگتا امام کی ٹوئٹ کا میچ سے کوئی تعلق ہے۔