مظفر آباد (این این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب آج کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ قائد ایوان کے انتخاب کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد
ہیں مگر کچھ عناصر پارٹی کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں پارٹی کے اندر سے کچھ لوگ بھی ملوث ہوسکتے ہیں، اس میں جو بھی ملوث ہوں گے یا کوئی فاروڈ بلاک یا لوٹا گروپ بنائے گا اس کا عوام بھی پیچھا کریں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے اور دیکھیں گے ان کی اسمبلی رکنیت رہتی بھی ہے یا نہیں۔سرادر تنویر الیاس خان نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کو توڑنے کی کوشش کی گئی اس کے ‘سخت نتائج ہوسکتے ہیں، اس لیے پارٹی کو ڈسٹرب نہ کیا جائے۔ ہم جمہوری اور سیاسی طریقے سے آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت خطے کے ماحول میں سیاسی اضطراب اور بے سکونی و بے چینی ہے۔ ‘کہیں معاشرے کے اندر یہ فساد کا باعث نہ بن جائے۔انھوں نے کہا کہ غدار عناصر اگر پارٹی کے ساتھ غداری کریں گے تو ان کا قانون کے راستے پیچھا کریں گے۔