اسلام آبا د (این این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطا بندیال نے 13 اپریل کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا۔اجلاس میں جسٹس مسرت ہلالی کو پشاورہائیکورٹ کی چیف جسٹس بنانے پر غور ہوگا، جسٹس مسرت ہلالی اس وقت قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داری ادا کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید 30 مارچ 2023 کو ریٹائرڈ ہوگئے تھے اور جسٹس مسرت ہلالی یکم اپریل سے صوبے کی پہلی خاتون قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داری ادا کر رہی ہیں۔اگر جسٹس مسرت ہلالی کا پشاور ہائی کورٹ کی ریگولر چیف جسٹس کے طور پر تقرر ہوا تو وہ کسی بھی ہائی کورٹ میں اس عہدے پر کام کرنے والی دوسری خاتون جج ہوں گی، اس سے قبلجسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو 2018 میں بلوچستان ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔جسٹس مسرت ہلالی کو پشاور ہائی کورٹ بار کی نائب صدر، سیکریٹری، خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل، پہلی صوبائی محتسب کے عہدوں پر فائز رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔