لاہور( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی سابقہ انسٹا اسٹوری کی وضاحت پیش کرتے ہوئے منگنی سے متعلق گردش کرتی خبروں کی تردید کردی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فاسٹ بولر نسیم شاہ نے گزشتہ دنوں ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں دو بزرگوں کے درمیان مسکراتے ہوئے بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اس نے انہیں بہترین سے نوازا۔بس پھر کیا تھا، پہلے حارث رئوف، شان مسعود، شاداب خان اور پھر شاہین شاہ آفریدی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی شادی اور منگنی کے حوالے سے چِہ می گوئِیاں شروع ہوگئیں۔اکثر شائقین کرکٹ نے تو مبارک باد تک دے ڈالی۔تاہم قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے مذکورہ تصویر کی وضاحت پیش کرتے ہوئے شادی اور منگنی سے متعلق گردش کرتی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں افواہ قرار دے دیا۔انہوں نے وضاحتی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ آخری تصویر جو میں نے پوسٹ کی وہ میرے نکاح یا منگنی کی نہیں تھی، شکر گزار ہونے کا مطلب صرف کسی رشتے میں منسلک ہونا نہیں، براہ مہربانی اسے غلط سمجھنا بند کریں۔ یہ بس گھر والوں کے ساتھ افطار کی ایک تصویر تھی، مجھے امید ہے کہ اب سب واضح ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ نسیم شاہ ان دنوں اپنے آبائی علاقے لوئردیر میں ہیں، جہاں ان کی آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنی والدہ کی قبر پر بھی حاضر دی تھی۔یاد رہے کہ ماضی میں ایک انٹرویو میں کرکٹر نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد کی مرضی سے شادی کریں گے۔