نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے مشرقی گوداوری ضلع ٹرک الٹنے سے 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مشرقی گوداوری ضلع کے مجسٹریٹ ارون کمار نے 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حادثہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے جنوب مشرق میں قومی شاہراہ نمبر 214 پر ہوا۔ حادثے کے شکار ٹرک پر سیمنٹ اور تعمیری کام سے متعلق سامان بھرا ہوا تھا اور یہ مزدوروں کو گنٹور سے وشاکھاپٹنم لے جا رہا تھا۔ پولیس اہلکار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ابتدائی جانچ میں یہ پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور ٹرک چلاتے ہوئے سو رہا تھا۔ حادثے کے بعد ٹرک کے ڈرائیور اور کلینر فرار ہیں۔ پولیس کے مطابق ملک بھر میں ہر سال سڑک حادثوں میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ بھارت میں اس قسم کے حادثے عام ہیں اور ان کی وجوہات میں خراب اور پرانی گاڑیاں، حد سے زیادہ لوگوں کا سوار ہونا اور خراب ڈرائیونگ شامل ہے۔