وین میں سلنڈر دھماکے سے 9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی، انتہائی افسوسناک واقعہ

8  اگست‬‮  2021

گوجرانوالہ (آن لائن) گوجرانوالہ میں وین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور7 افراد زخمی ہوگئے جن کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے 3کی حالت کافی خراب بتائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب

مسافر وین میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 9افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ سات زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث جی ٹی روڈ بلاک ہوگئی ریسکیو ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ کر روڈ خالی کروایا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیو ں میں 3کی حالت نازک بتائی جار ہی جن کو برن سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء زیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں وین میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیر اعلی نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن اور آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دید یا ہے۔وزیر اعلی کا کہناہے کہ افسوسناک واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت بھی کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

موضوعات: