اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی پنجاب کے وزیر اسد کھوکھر ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسد کھوکھر کی میڈیکل رپورٹس میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہو گئی ہے۔ڈینگی کا شکار ہونے کے بعد اسد کھوکھر ہسپتال میں بھی زیر علاج رہے تاہم اب وہ ہسپتال سے گھر منتقل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں ڈینگی سے متاثر افراد کی تعداد چوبیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی،اسلام آباد میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی، ترجمان پولی کلینک کے مطابق پولی کلینک میں ڈینگی کے130 مریض زیر علاج ہیں ، ترجمان پمز کے مطابق پمزمیں ڈینگی کے 81 مریض داخل ہیں ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 6 سو سے زائد مشتبہ مریض پمز ہسپتال کی او پی ڈی میں آئے۔ترجمان پمز کے مطابق نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے 118 سے زائدمریض داخل ہیں ،ملک بھر میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 41 سے زائد ہو گئی۔علاوہ ازیں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے روزانہ اجلاس ڈاکٹر ظفرمرزا کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں ہسپتالوں کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور جڑواں شہر کی انتظامیہ کے افراد شریک ہوئے ،اجلاس میں ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ سیکرٹری ہیلتھ نے کہاکہ 24ہزار سے زائد مریض ہسپتالوں سے شفایاب ہو کر ڈسچارج ھو چکے ہیں،انسداد ڈینگی کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سیکرٹری ہیلتھ نے بتایاکہ کیس رسپانس کے زریعے بڑے پیمانے پر فوگنگ اور سپرے کا عمل جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن حکمت عملی اپنا رہے ہیں، جڑواں شہر کے موثر اقدامات کی وجہ سے ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے۔سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین مفت نگہداشت اور علاج کی سہولیات میسر ہیں ۔