اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنا ووٹ ضائع کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق قاسم گیلانی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے
کہا کہ عمران خان نے بیلٹ پیپر پر امیدواروں کو نمبر دینے کی بجائے ٹک کا نشان لگا دیاہے اور اپنا ووٹ ضائع کر دیاہے ۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں آمد پر حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان آمنے سامنے آگئے اور شدید نعرے بازی کی ۔الیکشن کمیشن حکام نعرے لگانے سے منع کرتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعظم عمران خان سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے قومی اسمبلی حال پہنچے تو حکومتی اراکین اسمبلی نے ڈیسک بجا کر وزیر اعظم کا استقبال کیا تاہم ایوان میں موجود پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید نعرے بازی کی اور جئے بھٹو کے نعرے لگاتے رہے ۔اس موقع پرریٹرننگ افسر کی جانب سے مسلسل تنبیہ کے باوجود دونوں جانب سے اراکین نعرے بازی کرتے رہے۔الیکشن کمیشن حکام نے نعرے لگانے سے منع کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ اگر اب نعرے لگائے گئے تو ایکشن لیا جائے گا۔ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد حکومتی اراکین نے وزیر اعظم کے ساتھ پرجوش مصافحہ کیا اور ایڈوانس میں حفیظ شیخ کی کامیابی کی مارکباد دیتے رہے، اس موقع پر اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں بعدازاں وزیر اعظم اپنے چیمبر میں چلے گئے۔