لاہور( این این آئی)چینی قرضے کی واپسی اور غیرملکی قرضے پر سود کی ادائیگی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں 79کروڑ ڈالر کی کمی ہو گئی ۔اسٹیٹ بنک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران چین کے اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف ایکس چینج کا پچاس کروڑ ڈالر کا واجب الادا قرضہ واپس کر دیا گیا ہے۔
غیرملکی قرضوں پر اٹھنے والے سود کی ادائیگی کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں 79کروڑ ڈالر کی کمی ہو گئی ہےیعنی 29کروڑڈالرسود کی مدمیں واپس کئے گئے اور مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 22ارب 43کروڑ 49لاکھ ڈالر رہ گئے۔اس دوران اسٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 17ارب 59کروڑ 38لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں ،جبکہ کمرشل بنکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب 84کروڑ ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے ہیں۔گزشتہ اکتوبر سے لیکر اب تک زرمبادلہ کے ذخائر میں تسلسل کے ساتھ 2 ارب ڈالرتک سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔