اسلام آباد( این این آئی)جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چمپئن شپ کا آغاز پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگیا۔
بین الاقوامی چمپئن شپ میں 17 ممالک کے مجموعی طور پر 62 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں 39 بوائز اور 23 گرلز شامل ہیں۔ایونٹ میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔یہ چمپئن شپ دنیا بھر سے ابھرتے ہوئے نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار، قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور ورلڈ ٹینس ٹور جونیئر رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔
چمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح آج پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق مرتضی نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر مسٹر اعصام الحق قریشی، اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری مسٹر طفیل چیمہ اور خزانچی مسٹر احسن زیدی بھی موجود تھے۔بوائز سنگلز کے مقابلے رائونڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلے جا رہے ہیں، جس کے لیے آٹھ گروپس تشکیل دئیے گئے ہیں۔ ہر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا کھلاڑی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گا۔مین ڈرا کے پہلے روز پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں عبدالباسط، حمزہ رومان، ریان خان، ایم حسن عثمانی اور احتشام ہمایوں نے اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور اپنے گروپس میں سرفہرست پوزیشن حاصل کر لی۔



















































