اسلام آباد(نیوز ڈیسک)قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سونے کا تمغہ جیت لیا۔کراچی میں ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کے جیولن تھرو مقابلوں میں ارشد ندیم نے 81.81 میٹر تک نیزہ پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ واپڈا کے یاسر سلطان 70.77 میٹر تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے۔تیسری پوزیشن پاکستان آرمی کے ابرار علی نے حاصل کی جنہوں نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ذریعے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز نوجوان ایتھلیٹس کی تربیت اور صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہوتا ہے، یہی ایونٹ مستقبل کے چیمپئن پیدا کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ انجری سے مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں اور ہر مقابلے میں حالات کے مطابق کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ آنے والے اولمپکس میں بھی وہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے کا عزم رکھتے ہیں۔ارشد ندیم نے اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ کوچ سلمان بٹ کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی نے کیریئر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔















































