جمعہ‬‮ ، 24 اکتوبر‬‮ 2025 

امید ہے معافی پسند آئے گی، ملتان سلطانز کے علی ترین نے پی سی بی کا نوٹس پھاڑ دیا

datetime 24  اکتوبر‬‮  2025
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملتان (این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے قانونی نوٹس اور معافی مانگنے کے مطالبے کے پرخچے اڑا دئیے جبکہ ملتان سلطانز کے نوجوان مالک نے پی سی بی کے مطالبے پر سرعام معافی تو مانگ لی مگر اس سے معاملہ مزید بگڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔علی ترین نے گزشتہ رات پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اوسط درجے کے طرزِ فکر سے ناخوش ہیں۔پی ایس ایل انتظامیہ نے علی ترین کی جانب سے بار بار پی سی بی اور پی ایس ایل پر تنقید کے بعد کارروائی کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا تھا کہ اگر وہ عوامی سطح پر معافی نہیں مانگتے تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی،یہ اقدام بورڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان جاری تناؤ میں ایک اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔بعد ازاں، علی ترین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمایکس پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں وہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والا مبینہ قانونی نوٹس ہاتھ میں لیے نظر آئے۔

علی ترین نے ویڈیو پیغام کی ابتدا میں پی سی بی کا قانونی نوٹس دکھاتے ہوئے کہا کہ دوستو! ہماری پسندیدہ پی ایس ایل کی انتظامیہ نے مجھے قانونی نوٹس بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میں نے پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف جو باتیں کی ہیں وہ واپس نہ لیں اور سرعام معافی نہیں مانگی تو وہ ملتان سلطانز کا فرنچائز ایگریمنٹ منسوخ کردیں گے اور مجھے ہمیشہ کیلئے بلیک لسٹ کردیں گے تاکہ میں کبھی کوئی ٹیم نہ لے سکوں۔علی ترین نے کہا کہ یہی تو مسئلہ ہے کہ آپ اپنے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتے، آپ بس یہ چاہتے ہیں کہ ہم سب چپ کرکے بیٹھیں اور آپ کی لائن ٹو کریں، آپ لوگوں کی ہاں میں ہاں ملانے والے بونوں کی اتنی عادت ہوچکی ہے کہ آپ تھوڑی سی بھی تنقید برداشت نہیں کر سکتے۔انہوں نے شکوہ کیا کہ انہیں پی سی بی کی طرف سے آج تک ایک کال، ایک میسیج، ایک ای میل اور ایک دعوت نامہ موصول نہیں ہوا کہ جس میں ان سے مسائل دریافت کیے گئے ہوں اور مل بیٹھ کر انہیں حل کرنے کی بات کی گئی ہو، اس کے برعکس انہیں سیدھا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔علی ترین نے کہا کہ اگر آپ لوگوں میں تھوڑی سی بھی صلاحیت ہوتی تو آپ کو پتا ہوتا کہ مسئلے ایسے حل نہیں ہوتے، اگر آپ کو لگتا ہے کہ اس طرح کی دھمکیوں سے میں چپ ہوجاؤں گا تو یہ آپ لوگوں کی غلط فہمی ہے کیونکہ میں اس لیگ سے محبت کرتا ہوں اور آپ لوگوں سے کہیں زیادہ اس سے محبت کرتا ہوں کیونکہ یہ لیگ ہماری ہے، فینز کی ہے، پورے پاکستان کی ہے، جو آپ ڈھائی لوگ اسے چلارہے ہیں، آپ کی نہیں ہے۔انہوں نے پیشکش کی کہ اگر آپ اصل میں چاہتے ہیں کہ ہم ان مسائل پر کام کریں، آپ مجھے بلائیں، دو، تین بسکٹ کے ساتھ ایک کپ چائے پلا دیں، اکٹھے بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں، فیصلہ کریں کہ آج کے بعد اس لیگ پر سرعام کوئی تنقید نہیں ہوگی، اکٹھے مل کر ہم اس لیگ کو ٹاپ لیگ بناتے ہیں۔

علی ترین نے کہا کہ آپ نے کیونکہ سرعام معافی کا مطالبہ کیا ہے حالانکہ میری قانونی ٹیم کہہ رہی ہے کہ معافی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہم نے کوئی غلط بات ہی نہیں کی لیکن دیکھیں جو بڑا بندہ ہوتا ہے، وہی معافی مانگتا ہے، تو میں معافی مانگتا ہوں کہ میں چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل بہتر ہو، میں معافی مانگتا ہوں کہ میں نے مسائل دیکھ کر آواز اٹھائی، میری غلط ہے کہ میں آپ کی اوسط درجے کی ذہنیت سے ناخوش ہوں، یہ میری غلطی ہے آپ کی نہیں ہے۔علی ترین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں معافی مانگتاہوں کہ میں ناخوش ہوں کہ آپ لوگ ایک دوسرے کی اتنا کم کام کرنے پر بھی اتنی ستائش کرتے ہیں، آپ کی مرضی ہے آپ جتنی ستائش کریں، میں اپنی اس خواہش پر بھی معافی مانگتا ہوں کہ پی ایس ایل انتظامیہ میں قابل اور اہل لوگ آئیں، مجھے پتا ہے کہ یہ بہت بڑی بات ہے، تو یہ تو ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پی ایس ایل کی کمال افتتاحی تقریب کو تنقید کا نشانہ بنانے پر بھی معافی مانگتے ہیں جس میں قومی ستاروں کو اسٹیڈیم میں لاکر ان سے کمال لپ سنگنگ کروائی گئی، براہ راست موسیقی کون سنتا ہے؟ملتان سلطانز کے مالک نے کہا کہ میری جرات کہ میں نے ڈرافٹ پر تنقید کی، کیونکہ میں چاہتا تھا کہ تقریب وقت پر شروع ہو اور وقت پر ختم ہو اور مائیکس کام کریں، یہ میں نے بہت بڑی فرمائش کردی مجھے یہ نہیں کرنی چاہیے تھے۔علی ترین نے زوم میٹنگ میں 10 منٹ تاخیر سے شرکت پر بھی معافی مانگی، انہوں کہا کہ ‘آپ کو اس سے اتنی تکلیف پہنچی کہ آپ نے اپنے قانونی نوٹس میں بھی اس کا ذکر کیا ہے، یہ واقعی ناقابل معافی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ کہنے پر بھی اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں کہ حالیہ پی ایس ایل سب سے بڑا نہیں تھا،میں بالکل غلط تھا، آپ لوگوں نے دیکھا کہ اسٹیڈیمز کے باہر لائن لگی ہوئی تھی، ہر اسٹیڈیم بھرا ہوا تھا، خاص طور پر کراچی، آپ لوگوں نے کیا شاندار طریقے سے ٹورنامنٹ منعقد کیا اور لاجسٹکس تو اتنے زبردست تھے کہ آدھی ٹیم اور کھلاڑی ایک ہوٹل میں، سپورٹ اسٹاف، اینالسٹس اور کوچز دوسرے ہوٹل میں، یہ تو مینجمنٹ کا بہترین طریقہ ہے، ہر کسی کو یہی کرنا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ ٹریننگ کا شیڈول اور اس کی سہولتیں بھی کمال تھیں کہ صرف 6 ٹیموں نے ان کی شکایت کی، لیکن 6 زیادہ تھوڑی ہوتا ہے۔علی ترین نے کہا کہ ٹی وی پر لوگ کم دیکھ رہے ہیں؟ ارے تو ٹی وی پر دیکھتا کون ہے؟ آپ بالکل صحیح کہہ رہے تھے یہ واقعی سب سے بڑی لیگ تھی انہوں نے ٹرافی کی رونمائی کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ویڈیو کے اختتام پر انہوں نے پی ایس ایل انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تو میں آپ سے معافی مانگتا ہوں کہ میں نے آپ لوگوں سے اتنی غلط مطالبات کیے اور غلط چیزوں پر تنقید کی۔ انہوں نے پی سی بی کا قانونی نوٹس پھاڑتے ہوئے کہا کہ ‘امید ہے آپ لوگوں کو یہ معافی پسند آئے گی۔یاد رہے کہ علی ترین نے اپریل میں ایک پوڈکاسٹ کلپ شیئر کر کے تنازع کی ابتدا کی تھی جس میں انہوں نے پی سی بی کی پری سیزن تیاریوں پر سوال اٹھاتے ہوئے لکھا تھا کہ پی ایس ایل 10 بڑا اور بہتر کیسے ہے؟ وہی میچز، وہی ٹیمیں، نیا کیا ہے؟ کھوکھلے نعروں سے تنگ آ گیا ہوں، پی سی بی کے پاس جدت لانے کا وقت تھا مگر ہم وہی دہرا رہے ہیں، ہمارا سب سے بڑا برانڈ اس سے بہتر کا مستحق ہے، وژن کیا ہے؟۔چند روز بعد، دیگر فرنچائز مالکان کے ردعمل کے بعد علی ترین نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مجھے پی ایس ایل سے محبت ہے، یہ پاکستان میں بنی ایک کامیاب کہانی ہے جس سے ہم سب فائدہ اٹھاتے ہیں، میری باتوں کا مقصد تنقید نہیں، بلکہ حقیقی ترقی کی خواہش تھی، سلمان نصیر اور پی سی بی کی ٹیم اپنی پوری کوشش کر رہی ہے، ہمیں مالکان کے طور پر متحد ہو کر لیگ کو بہتر بنانا چاہیے، ٹھہرائو کا وقت ختم!تاہم اختلافات ختم نہ ہو سکے، جولائی میں علی ترین نے پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل 10 کی کامیابی پر بنائی گئی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے دوبارہ تنقید کی اور کہا کہ کامیابی؟ آپ مذاق کر رہے ہیں؟ ٹی وی ریٹنگز کم، اسٹیڈیمز خالی، ڈیجیٹل انگیجمنٹ سست اور ہم جشن منا رہے ہیں؟ پی سی بی جاگ جائے، پی ایس ایل کو خودپسندی نہیں، بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، وقت سے پہلے ان مسائل کو حل کریں۔پی سی بی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ان بار بار کے بیانات سے لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ارسال کردہ قانونی نوٹس میں معاہدے کی متعلقہ شقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی خلاف ورزی کی گئی، پی سی بی حکام کے مطابق بورڈ پی ایس ایل کے وقار اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ملتان سلطانز کے ترجمان نے کہا تھاکہ پی سی بی نے گزشتہ ماہ ایک قانونی نوٹس بھیجا تھا، جو معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس نہیں ہے۔فرنچائز کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ نوٹس میں ہماری فرنچائز کے معاہدے کی منسوخی اور علی ترین پر مستقبل میں کسی کرکٹ ٹیم کے مالک بننے پر تاحیات پابندی کی دھمکی دی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ علی ترین نے جو بھی بیان دیا، وہ پی ایس ایل کی بہتری کے لیے تھا تاکہ لیگ بلند معیار کی طرف بڑھے، پی سی بی انتظامیہ کا تعمیری تنقید کو جرم سمجھنا افسوسناک ہے، یہ موجودہ انتظامیہ کی تنگ نظری کو ظاہر کرتا ہے اور ثابت کرتا ہے کہ پی ایس ایل سوالات یا احتساب برداشت کرنے کو تیار نہیں، حتیٰ کہ ان لوگوں سے بھی جنہوں نے اس لیگ کو مضبوط بنانے میں سب سے زیادہ کردار ادا کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ایماندار رائے کو دبانا عظیم لیگوں کی تعمیر کا طریقہ نہیں ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب پی ایس ایل کے ڈھانچے میں فرنچائزز اور بورڈ کے تعلقات پر خدشات بڑھ رہے ہیں اور کئی اسٹیک ہولڈرز پی سی بی کے فیصلوں میں زیادہ شفافیت اور ہم آہنگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کنفیوز پاکستان


افغانستان میں طالبان حکومت کا مقصد امن تھا‘…

آرتھرپائول

آرتھر پائول امریکن تھا‘ اکائونٹس‘ بجٹ اور آفس…

یونیورسٹی آف نبراسکا

افغان فطرتاً حملے کے ایکسپرٹ ہیں‘ یہ حملہ کریں…

افغانستان

لاہور میں میرے ایک دوست تھے‘ وہ افغانستان سے…

یہ ہے ڈونلڈ ٹرمپ

لیڈی اینا بل ہل کا تعلق امریکی ریاست جارجیا سے…

دنیا کا واحد اسلامی معاشرہ

میں نے چار اکتوبر کو اوساکا سے فوکوشیما جانا…

اوساکا۔ایکسپو

میرے سامنے لکڑی کا ایک طویل رِنگ تھا اور لوگ اس…

سعودی پاکستان معاہدہ

اسرائیل نے 9 ستمبر 2025ء کو دوحہ پر حملہ کر دیا‘…

’’ بکھری ہے میری داستان ‘‘

’’بکھری ہے میری داستان‘‘ محمد اظہارالحق کی…

ایس 400

پاکستان نے 10مئی کی صبح بھارت پر حملہ شروع کیا‘…

سات مئی

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر خارجہ اسحاق…