کراچی (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے بھارتیوں کو پاکستان سے اگلا میچ ہونے تک گزشتہ روز کی جیت کا جشن منانے کا مشورہ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے اس وقت شکست دی جب اننگز کی 117 گیندیں باقی رہتی تھیں۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ، عبداللہ شفیق اور امام الحق نے قومی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پھر یکے بعد دیگرے پاکستان کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں۔پاکستانی ٹیم پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 42.5 اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، اس کے بعد بھارتی اننگز شروع ہوئی تو اس میں بھی بھارتی بلے بازوں کا بول بالا رہا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کی اس شکست پر ٹوئٹ میں لکھا کہ بحیثیت کرکٹرز اپنی جانب سے بھرپور فائٹ دینے کیلئے ہم اپنی قوم کے مقروض ہیں، اور یہ ہی فائٹ مجھے اپنے لڑکوں میں دکھائی نہیں دی۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ہماری ٹیم بہترین ہے، بس اسے ایک اچھی اور مکمل فائٹ دکھانے کی ضرورت ہے۔ سابق کپتان نے بھارت کو میچ جیتنے کی مبارکباد پیش کی اور لکھا تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہندوستان کو مبارکباد، ہمارے اگلے میچ تک جیت کا لطف اٹھائیں۔