نئی دہلی (این این آئی)بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ روہت شرما کی مجموعی دولت 30 ملین امریکی ڈالرہے۔حال ہی میں بھارتی میڈیا پر شیئر کی جانے والی رپورٹ کے مطابق بھارت کے اسٹار کرکٹر روہت شرما کی مجموعی دولت 30 ملین امریکی ڈالر یعنی 248 کروڑ بھارتی روپے ہے۔رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کی فر نچائز ممبئی انڈین نے روہت سے 16 کروڑ کا معاہدہ کیا ہوا ہے، اس معاہدے کے تحت آئی پی ایل میں کھیلے جانے والے 14 میچز میں اسٹار کرکٹر کی ایک میچ کی فیس کم ازکم ایک کروڑ 14 لاکھ بھارتی روپے بنتی ہے۔
روہت شرما کا بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی سے طے معاہدے کی رقم سالانہ 7 کروڑ بھارتی روپے ہے لہٰذا روہت شرما بطور کپتان بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ٹیسٹ میچ کے 15 لاکھ، ون ڈے میچ کے6 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے3 لاکھ لیتے ہیں۔اس کے علاوہ روہت شرما نے کئی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری بھی کی ہوئی ہے جس کے ذریعے روہت کی آمدنی سالانہ 7 کروڑ بھارتی روپے بنتی ہے۔2015 میں روہت نے ممبئی کے شہر ورلی کیائوہوجا ٹاور میں عالیشان گھر خریدا تھا، اس برس اس گھر کی مالیت 30 کروڑ بھارتی روپے ہے، دوسری جانب روہت کے پاس موجود کاروں کی مالیت 8 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے ہے۔