کراچی(این این آئی)آئی سی سی 2024 ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ نیویارک میں منعقد کرانے پر غور شروع کر دیا گیا ۔ آئی سی سی کے مطابق خواہش ہے یونٹ کے 17 میچز امریکا میں منعقد کیے جائیں جس میں پاکستان اور بھارت کا میچ نیویارک میں منعقد کرنے پر غور ہورہا ہے، اس کی بڑی وجہ وہاں پر ایشیائی تارکین وطن کی بڑی تعداد کا مقیم ہونا ہے، سہولیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس میں مشکل پیش آسکتی ہے۔
وینیو کی تلاش میں آئی سی سی برونکس تک پہنچا تھا جہاں وین کورٹ لینڈ پارک میں 34 ہزار کی نشتسوں والا عارضی اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق برونکس میں اس منصوبے کی کئی حلقوں نے مخالفت کردی، وان کورٹ لینڈ پارک کا منصوبہ بہت سے مسائل کا شکار ہے۔دوسری جانب آئی سی سی آفیشل نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وینیو ٹیم نے اگرچہ اوپن فیلڈ کا معائنہ کیا ہے لیکن ابھی کوئی بات حتمی نہیں ہے۔
نیویارک کے سابق میئر مائیکل بلومبرگ کے مطابق نیویارک میں اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ مکمل طور پر غیرحقیقی ہے، میڈیا کے رابطہ کرنے پر آئی سی سی نے اس بابت کوئی جواب دینے سے گریز کیا ہے تاہم انہوںنے کہاکہ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے وینیوز کا اعلان آئندہ ماہ یا اس کے بعد متوقع ہے، امریکا میں حالیہ لیگز کے انعقاد سے کچھ امیدیں روشن ہوئی ہیں۔