لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور ہارنے سے ڈرتا ہے؟سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر)پر جاری کیے گئے بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو بتایا تھا کہ بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے سپر فور میں ہونے والا پاک بھارت میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ایک گھنٹے کے اندر ہی انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور میچ کولمبو میں ہی کروانے کا اعلان کر دیا۔نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ ہو کیا رہا ہے؟ کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور ہارنے سے ڈرتا ہے؟پی سی بی کے سابق چیئرمین نے اپنی پوسٹ میں آئندہ دنوں میں کولمبو اور ہمبنٹوٹا میں ہونے والی بارش کی پیشگوئی کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اے سی سی کی جانب سے ای میل کر کہ سب کو آگاہ کیا گیا تھا کہ میچز شیڈول کے مطابق کولمبو میں ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔