دبئی (این این آئی)اکتوبر اور نومبر میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے امکانات روشن ہوگئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے رواں سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹیکس اور ویزوں کے معاملات آئندہ ماہ تک حل ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔آئی سی سی بورڈ کے ورچوئل اجلاس ختم ہونے کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی
ورلڈ کپ 2021 کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات چیت مثبت انداز میں ہوئی، بی سی سی آئی نے ویزوں اور ٹیکس سے متعلق معاملات آئند ماہ تک حل ہونے کی توقع ظاہر کی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلامیے کے مطابق اگلے ماہ میں یہ دونوں معاملات حل ہوجائیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم، آفیشلز، میڈیا اور شائقین کے لیے ویزوں اور سیکیورٹی کے سلسلے میں تحریری ضمانت مانگی تھی۔