لاہور(این این آئی) ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے اپنے دل سے قریب چیزوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اظہر علی نے جس بلّے کے ساتھ اپنے کیریئر کی واحد سنچری اسکور کی وہ بیٹ نیلام کریں گے جس کیلئے انہوں نے بنیادی قیمت دس لاکھ روپے رکھی ہے،اسی طرح چیمپئنز ٹرافی وننگ شرٹ بھی اظہر علی نیلام کریں گے اور اس کی بھی بنیادی رقم دس لاکھ روپے رکھی ہے۔
چیمپئینز ٹرافی وننگ شرٹ پر چیمپئینز ٹرافی میں حصہ لینے والی پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے دستخط ہیں۔اظہر علی نے 2016 میں دبئی میں کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابل شکست 302 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ 2017 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان ٹیم کا بھی وہ حصہ تھے،یہی دونوں یاد گار چیزیں اب کپتان اظہر علی نے نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اظہر علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت زندگی کے ہرشعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ متاثر ہو ئے ہیں۔ لاک ڈائون کی وجہ سے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ انہیں اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے مشکلات پیش آرہی ہیںاس نیلامی سے جو بھی رقم اکٹھی ہو گی وہ اْن لوگوں میں تقسیم کی جائے گی۔اظہر علی نے کہا کہ یہ رقم اْن لوگوں میں بھی تقسیم کی جائے گی جنہیں میں پہلے سے جانتا ہوں، ان میں کرکٹرز اور کرکٹ سے وابستہ لوگ شامل ہیں۔ یہ میری ایک چھوٹی سی کوشش ہے تاکہ ان لوگوں کی مدد ہو سکے۔ اظہر علی نے کہا کہ بیٹ اور شرٹ میرے دل کے بہت قریب ہیں،سوچا تھا کہ میں ان کو سنبھال کر رکھوں گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں یہ چیزیں لوگوں کے کام آ سکیں تو مجھے زیادہ خوشی ہو گی۔