اسلام آباد( آن لائن )سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد بھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر ناز و نخرے دکھا رہا ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم بھیجیں گے اور اس کے بعد ہی ٹیسٹ سیریز سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق اوپننگ بلے باز عامر سہیل نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو آئینہ دکھا دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کو ہر صورت پاکستان آنا چاہئے۔ان کا کہنا ہے
کہ میں انہیں یہ یاد کروانا چاہتا ہوں کہ کس طرح ہم نے بنگلہ دیش کو ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹیسٹ سٹیٹس حاصل کرنے میں مدد کی۔ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب سفر میں بنگلہ دیش کی بہت مدد کی اور انہیں یہ بھولنا نہیں چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے دنیا کو اب یہ احساس ہو گا کہ پاکستان میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جا سکتی ہے اور جو کچھ 10 سال پہلے یہاں ہوا تھا، ہم نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب کرکٹ کے روشن مستقبل کیلئے آگے بڑھنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔