اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کرتے کہاہے کہ سرفراز احمد کی موجودگی میں بابر اعظم کو مستقبل کے ٹیسٹ کپتان کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔کپتان سرفراز احمد کو ہٹانے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں پر انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز سے قبل پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔احسان مانی نے کہا کہ فوری طور پر ٹیسٹ کپتانی سے سرفراز احمد کو
نہیں ہٹایا جارہا تاہم ہوم سیریز کے بعد پی سی بی کرکٹ کمیٹی سے ٹیسٹ کپتان کے بارے میں رائے لی جائے گی جب ان کی رائے اور تجویز آئے گی تو میں چیئرمین کی حیثیت سے اپنا صوابدیدی اختیار استعمال کروں گا، اس وقت میڈیا کپتان کے حوالے سے غیر ضروری بحث میں الجھا ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ سرفراز احمد کی موجودگی میں بابر اعظم کو تجربہ فراہم کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں اگر کپتان کو تبدیل کرنا ہو یا سرفراز احمد کسی وجہ سے دستیاب نہ ہوں تو ہمیں کپتانی کا مسئلہ نہ ہو، بابر اعظم ہماری نظر میں مستقبل کے کپتان ہیں۔