لندن(آن لائن )پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے تو کوالیفائی نہ کر سکیں لیکن دونوں ٹیموں کے بالرز نے عالمی کپ میں اپنی ٹیم کے آخری گروپ میچ میں ون ڈے کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے فاسٹ بالرز عمدہ کھیل پیش کیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 315رنز بنائے، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ورلڈ کپ 2019 میں اپنی مجموعی وکٹوں کی تعداد 20 کرلی۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی۔
اور پوری ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ میں 94 رنز سے ناکام رہی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے 2 اور محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس طرح میچ میں مجموعی طور پر بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے بالرز مستفیض الرحمان، شاہین آفریدی، وہاب اور عامر نے مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں جو ناصرف ورلڈ کپ بلکہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بھی عالمی ریکارڈ ہے۔آج تک ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے کسی بھی میچ میں الٹے ہاتھ سے گیند کرنے والے بالرز 13 وکٹیں نہیں لے سکے۔