پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) اسکواش کے سابق عالمی چیمپیئن جان شیر خان نے کھلاڑیوں کی بے روزگاری اور ناکافی سہولیات کو ملک میں کھیلوں کے زوال کی بڑی وجہ قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کو کھلاڑیوں کی بنیادی سہولتوں پر بھی توجہ دینی چاہئے ۔انہیں اچھی خوراک، تربیت اور سونے کے لئے پورا وقت دیا جائے اور سب سے ضروری بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کو معاشی مسائل سے نجات دلائی جائے تاکہ وہ یکسو ہو
کر صرف کھیل پر توجہ دے سکیں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بھرپور طریقے سے محنت کرنی چاہیے کیونکہ یہی ایک موقع ہے کہ ایشین گیمز میں کھلاڑی میڈل لاکر ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں اور ان میڈلز کی وجہ سے کھلاڑی کی پہچان ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلے میں کھلاڑیوں کو تیاری کیلئے بہت کم وقت ملا لیکن پھر بھی امید ہے کہ کھلاڑی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔