بنگلور (نیوز ڈیسک) افغانستان کو اپنے تاریخ کے پہلے ہی ٹیسٹ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، اس ٹیسٹ میچ کا فیصلہ دوسرے روز ہی ہو گیا، افغانستان بھارت سے یہ ٹیسٹ میچ ایک اننگزاور 262 رنز سے ہار گیا۔ اس ٹیسٹ میچ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ افغانستان نے ایک ہی روز میں اپنی دونوں اننگز کھیل لیں اور بھارتی باؤلرز نے ایک ہی دن میں تمام کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 474 رنز بنائے جس کے جواب میں افغانستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 109 اور دوسری اننگز میں 103 رنز
بنا کر آؤٹ ہو گئی، جمعہ کو دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو افغانستان کی ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں اتری اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی لیکن ان کی طرف سے مایوس کن بیٹنگ کی گئی، افغانستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا جبکہ بھارت کی طرف سے رویندرا جدیجہ نے میچ میں 6 جبکہ ایشون نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی جانب سے اوپنر مرلی نے 105 اور شیکھر دھون نے 107 رنز بنائے، دونوں اوپننگ بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 168 رنز بنائے۔