اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شاہد آفریدی کو گھر میں شیر پالنا مہنگا پڑ گیا، محکمہ جنگلی حیات سندھ نےنوٹس لیتے ہوئے لالہ کے خلاف تحقیقات کاحکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق چندروز قبل شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر دو تصاویر شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں شاہد آفریدی کےگھر میں شیر نظر آرہا تھا۔ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے اس عمل پر شدید تنقید کی جس پر محکمہ جنگلی حیات سندھ نے بھی ان کے گھر میں شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئےمعاملے کی
تحقیقات کا حکم دے دیاہے ۔اس حوالے سے محکمہ سندھ جنگلی حیات کے نگران تاج محمد شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے گھر میں شیر کی موجودگی پر تحقیقات کا حکم دیاتھااور اگر شاہد آفریدی مجرم ثابت ہوئےتو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔تاج محمدشیخ سے جب پوچھا گیا کہ شاہد آفریدی کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اس حوالے سے خبردار کیا جاسکتا ہے اور ان پر جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ گھر میں جنگلی جانور رکھنا خطرناک ہوسکتا ہے۔