دبئی (آئی این پی)ٹیسٹ کرکٹ سے روایتی ٹاس کوختم کرنے کی تجویز پراس ماہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں بحث ہوگی۔ٹیسٹ چیمپئن شپ سے ٹاس کے بجائے مہمان کپتان کوبولنگ یا بیٹنگ کااختیاردیاجاسکتاہے۔مقصد ہوم ایڈوانٹج کم کرنا ہے۔ایک سوچالیس سال سے ٹیسٹ میچ کاآغازٹاس سے ہوتاہے۔میزبان کپتان سکہ اچھالتا اور مہمان ہیڈ یاٹیل کہتاہے۔ٹاس جیتنے والاکپتان بیٹنگ یابولنگ کافیصلہ کرتاہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کاآغازدوہزارانیس سے ہورہاہے۔جس میں نوٹیمیں دو سالہ سائیکل میں ایک ٹرافی کے لئے ستائیس سیریز کھیلیں گی۔کرکٹ ماہرین کاکہنا ہے کہ میزبان بورڈ ایسی پچزتیارکرتاہے۔جس میں ٹاس کاسکہ غیر معمولی اہمیت اختیارکرجاتاہے۔اوراکثرٹاس جیتنے والی ٹیم میچ بھی جیت جاتی ہے۔ٹیسٹ چیمپئن شپ کاآغازآسٹریلیاروایتی ایشیزسیریز میں انگلینڈ کی میزبانی میں کرے گا۔جس کیلئے روایتی ٹاس ختم کرنے کی تجویز زیرغورہے۔اوراس ماہ کرکٹ کمیٹی میں اس پربحث ہوگی۔بغیرٹاس میچز کا تجربہ انگلش کانٹی کرکٹ میں دو ہزارسولہ سے جاری ہے۔جس میں مہمان کپتان باہمی رضامندی سے پہلے بیٹنگ یا بولنگ کافیصلہ کرتاہے۔کرکٹ کمیٹی میں تجویز کی منظوری کی صورت میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آغاز پرآسٹریلوی کپتان کوانگلینڈ میں ایشیزسیریز کے دوران بیٹنگ یابولنگ کرنے کااختیارحاصل ہوگا۔