ڈبلن (آئی این پی) آئرلینڈ نے ٹیسٹ کر کٹ میں شکست کیساتھ انٹری کردی،پاکستان نے آئرلینڈ کو تاریخی ٹیسٹ میں5وکٹوں سے شکست دیکر واحد ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز جیت لی۔پاکستان نے 160رنز کا ہدف44.5اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔پاکستان کی جانب سے امام الحق 74رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ بابر اعظم 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ منگل کو ڈبلن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے آخری روز آئرلینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 319رنز 7کھلاڑی آوٹ پر شروع کی
تاہم وکٹ پر موجود کیون اوبرائن اپنے رنز میں کوئی اضافہ نہیں کرسکے اور 118رنز بنا کر محمد عباس کی گیند کا شکار ہوگئے۔کیون اوبرائن کے آوٹ ہونے کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم کے آخری 2 بلے باز اسکور میں زیادہ اضافہ نہیں کرسکے اور پوری ٹیم 339رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔پہلی اننگز میں فالو اون کا شکار ہونے والی آئرلینڈ کی ٹیم نے دوسری اننگز میں کیون اوبرائن کی سنچری کی بدولت 339 رنز اسکور کیے اور پاکستان پر 159 رنز کی برتری حاصل کی۔دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66رنز دے کر 5وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر کے حصے میں 3 اور شاداب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔آئرلینڈ کی جانب 160رنز کے دئیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آگاز کیامگر پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر اظہر علی صرف 2رنز،حارث سہیل 7اور اسد شفیق 1رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے پاکستان کے مجموعی طور پر14رنز پر 3کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے جس کے بعد نئے آنے والے کھلاڑی بابر اعظم نے امام الحق کے ہمراہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کیلئے126
رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کا سکور140رنز تک پہنچا دیا۔بابر اعظم 114گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے59رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی پانچویں وکٹ152رنز پر گری جب کپتان سرفراز احمد 8رنز بنا کر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوئے۔پاکستان نے 160رنز کا ہدف 44.5اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 8چوکوں کی مدد سے 74رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ انکے ساتھ شاداب خان4رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔آئرلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں مرتگا نے2رینکن اور تھمپسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے میچ میں9وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔واضح رہے کہ آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 310رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں130رنز بنا کر فالون آن ہوگئی تھی اور آئرلینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں339رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے160رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔