ڈبلن(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں سمیع اسلم پر امام الحق پر اس لیے ترجیح دی گئی کیوں کہ وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میچ میں بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو نقصان ہوگا، امام الحق کو تجربہ کار اوپنر سمیع اسلم پر اس لیے ترجیح دی گئی ہے۔
کیوں کہ سمیع اسلم کے مقابلے میں امام الحق اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔سرفراز کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر شاداب خان نے پریکٹس میچز میں اچھی بولنگ کی لیکن ہمیں ٹور پر یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، امید ہے شاداب خان توقعات پوری کرتے ہوئے اچھا پر فارم کریں گے۔قومی کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں،آئر لینڈ نے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے اور وہ اس کے مستحق ہیں، پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ مزید بلندی کی طرف جائے گی ۔سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز ملنے چاہئیں، پہلا میچ سرد موسم اور دوسرا گرم موسم میں ہوا، میرے اور میری ٹیم کے لیے اعزاز ہے کہ ہم تاریخی ٹیسٹ میں شریک ہیں،انہوں نے کہا کہ موسم پر کنٹرول کرنا ہمارے بس میں نہیں ہے، ہم پورا میچ کھیل کر جیتنا چاہتے ہیں۔آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں پانچ بولرز شامل ہیں جن میں تین فاسٹ بولرز ایک اسپنر شاداب خان اور آل راونڈر فہیم اشرف شامل ہیں۔