دبئی(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ فکسنگ کی کوشش کرنے پر زمبابوے کے ڈومیسٹک کرکٹ آفیشل راجن نائر پر 20 برس کی پابندی عائد کر دی۔راجن نے زمبابوین کپتان گریم کریمر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ایک میچ فکس کرنے کیلئے 30 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی تھی۔پابندی کے دوران نائر کسی بھی طرح کی کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق راجن نائر نے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک انٹرنیشنل میچ فکس کرنے کیلئے زمبابوین ٹیم کے کپتان کریمر سے رابطہ کیا تھا اور انہیں اس کام کیلئے 30 ہزار ڈالرز کی پیشکش بھی کی تاہم زمبابوین قائد نے فوری طور پر آئی سی سی کو اس بارے آگاہ کیا۔ورلڈ گورننگ باڈی نے معاملے کی چھان بین کے بعد راجن کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے ان پر 20 برس کی پابندی عائد کر دی۔آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے جنرل مینجر ایلکس مارشل نے کہا کہ کریمر کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں، راجن کا جرم انتہائی سنگین ہے اور اسی کی روشنی میں انہیں بڑی سزا دی گئی ہے۔واضح رہے کہ راجن ہرارے میٹرو پولیٹن کرکٹ ایسوسی ایشن میں بطور خزانچی اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر کام کر رہے تھے۔