سڈنی (آئی این پی)جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹمپرنگ کے واقعہ اور کپتان سمیت پوری آسٹریلوی ٹیم کے ملوث ہونے کے اعتراف کے بعد دنیائے کرکٹ میں بھونچال کھڑاہواہے۔ حکومتی اور کرکٹ آسٹریلیاکی ہدایت پر اسٹیون اسمتھ کپتانی اور ڈیوڈوارنر نائب کپتانی کا عہدہ چھوڑچکے ہیں تاہم اب انہیں کرکٹ آسٹریلیاکی جانب سے تاحیات پابندی کے خطرے کا بھی سامناہے۔
عالمی میڈیا کا کہناہے کہ کرکٹ آسٹریلیاکے رویئے سے متعلق قانون کے تحت ڈیوڈوارنر اور اسٹیون اسمتھ کو تاحیات پابندی سمیت کسی بھی بڑی سزاکا سامناکرنا پڑسکتاہے۔کرکٹ آسٹریلیاکے ہیڈآف انٹیگریٹی آئن روئے اور ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہوچکے ہیں جہاں وہ واقعے کے تحقیقات کرکے کرکٹ آسٹریلیاکو رپورٹ دیں گے۔واضح رہے کہ بال ٹمپرنگ کا واقعہ سامنے آنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا پر اسپورٹس منسٹر اور وزیراعظم نے کپتان اور نائب کپتان کو فوری فارغ کرنے کی ہدایت کی تھی اور کہاتھا کہ اس واقعے سے آسٹریلیاکا سرشرم سے جھک گیاہے۔واضح رہے کہ تیسرے کیپ ٹائون ٹیسٹ میں بال ٹمپرنگ واقعے میں ملوث ہونے والی آسٹریلوی ٹیم کو 322 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو جنوبی افریقہ کی کرکٹ میں واپسی کے بعد مارجن کے اعتبار سے کینگروزکو ہونے والی سب سیبڑی شکست ہے۔