اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد، کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بولا، کراچی کے سول ہسپتال کے قریب عید گاہ کے علاقے کے رہائشی دو بھائیوں نے اپنے ولیمے کی تقریب میں فائنل میچ دکھانے کا انتظام بھی کیا، وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کی سڑکوں اور گلیوں میں بڑی سکرینوں پر نوجوانوں اور شہریوں نے پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھا، ہر طرف گہما گہمی۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کا بخار پاکستانیوں کے سرچڑھ کر بول رہا ہے اور پی ایس ایل فائنل میچ کے دوران کرکٹ دیوانوں نے کرکٹ سے محبت کا حق ادا کر دیا ہے۔ کراچی کے سول ہسپتال کے قریب عید گاہ کے علاقے کے رہائشی دو بھائیوں ایاز اور اویس نے اپنے ولیمے کی تقریب میں فائنل میچ دکھانے کا انتظام کر کے کرکٹ سے محبت کا اظہار کیا۔ ایاز اور اویس نے اپنے ولیمے کی تقریب میں مہمانوں کیلئے بڑی سکرین پر پی ایس ایل فائنل میچ دکھانے کا انتظام کیا تھا۔ ایاز اور اویس کے علاوہ پورا ملک ہی کرکٹ کے بخار میں نظر آیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نوجوانوں اور شہریوں کی گہما گہمی نے الگ ہی رنگ جمائے رکھا۔ لوگ بڑی بڑی شاہراہوں اور چوکوں میںبڑی بڑی سکرینیںلگا کر فائنل میچ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں کرکٹ دیوانوں اور من چلوں نے بڑی سکرینوں اور پروجیکٹرز پر پی ایس ایل فائنل میچ دکھانے کا انتظام کر رکھا تھا اور ہر گیند اور ہر شارٹ پر نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جس نے پورے ملک کو کراچی سٹیڈیم میں تبدیل کر کے رکھ دیا تھا۔کرکٹ کے متوالے اپنی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے سکرینوں کے سامنے جمے رہے جبکہ متعدد جگہوں پر میچ کے اختتام پر آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔