کراچی(این این آئی) پی ایس ایل تھری فائنل سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ نے وقاص مقصود کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔ایونٹ کے ابتدائی مراحل میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے والے پیسر رومان رئیس کی فٹنس تاحال بحال نہیں ہوسکی، ان کا خلا پر کرنے کیلیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے وقاص مقصود کو شامل کرنے کی درخواست کی تھی جس کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اجازت دے دی۔ وقاص مقصود کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ قائد اعظم ٹرافی میں واپڈا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
پی ایس ایل کی ٹیم پشاورزلمی کے کھلاڑی تمیم اقبال کی فائنل میں شرکت کے امکانات معدوم ہونے لگے۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کا فیصلہ کن معرکہ اتوار کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، دونوں ٹیمیں اس بڑے معرکے کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں تاہم ڈیرن سیمی الیون کو تمیم اقبال کی خدمات میسر نہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔بنگلہ دیشی میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق انجری کے باعث کراچی کنگز کے خلاف دوسرے پلے آف میچ میں شریک نہ ہوپانے والے تمیم اقبال فائنل میچ کیلئے بھی کراچی نہیں پہنچ پائیں گے۔ اوپنر نے واضح کیا کہ فائنل میچ میں شمولیت سے متعلق وہ کوئی بھی فیصلہ بنکاک میں فزیشن سے ملاقات کے بعد ہی کریں گے۔تمیم اقبال نے بتایا کہ ڈومیسٹک نداہاس ٹرافی ٹورنامنٹ کے دوران میں تکلیف میں مبتلا ہوئے جس کے باعث فائنل میچ میں فیلڈنگ نہیں کرپائے۔اس سے قبل بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا تھا کہ تمیم اقبال نے 25 مارچ کو اپنے وطن واپس آنا ہے جہاں وہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ساتھ میٹنگ کریں گے، ان کے گھٹنے میں ہونے والی تکلیف سنجیدہ نوعیت کی ہے، قومی ٹیم کی طرف سے سیریز کھیلنے کیلیے انہیں پہلے آرام کرنے کی ضرورت ہے، قوی امکان ہے کہ وہ پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔