اسلام آباد (این این آئی)سکواش کے سابق عالمی چمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا فرض ہے۔وہ گذشتہ روز اسوا فٹ بال اکیڈمی اسلام آباد کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ قطر میں جونیئر سکواش ٹیم کے کھلاڑیوں کی کامیابی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے اور پاکستان سکواش فیڈریشن کو بھی چاہئے کہ ان کھلاڑیوں کی سرپرستی کرے۔
سری لنکا میں کھیلی گئی ٹینس جونیئر ڈیوس کپ ٹائی میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کامیابی پر انہوں نے کہا کہ فیڈریشنز کو جونیئر کھلاڑیوں پر توجہ دینی چاہئے ٗکوریا میں کھیلی جانے والی ایشین سکواش چمپئن شپ میں قومی مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ملک کے مفاد اور عزت کی خاطر جذبے کیساتھ میدان میں اترنا چاہئے۔ کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ضلعی سطح پر کھیلوں کی گراس روٹ سطح پر اکیڈمیز اور نرسریاں قائم نہیں کی جائیں گی تو اس وقت تک کھیلوں کا معیار بہتر نہیں ہوسکتا، انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بھی کھیلوں میں نرسری کا کام کرسکتے ہیں لیکن آج کے دور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے نہ ہو نے کے برابر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹس میں کھلاڑیوں کی ملازمتوں کا کوٹہ بحال کرکے کھلاڑیوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں۔