لاہور( این این آئی)پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے لاہور میں کھیلے جانے والے 2 کوالیفائنگ میچز کے لئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔بتایا گیاہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کرسیاں لگانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب تمام تماشائی نشستوں پر بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔اسٹیڈیم میں عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں جدید کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
اور مذکورہ انکلوژر کی کرسیاں جنرل انکلوژرز میں منتقل کی جاچکی ہیں۔ اس سے قبل جنرل انکلوژر کے تماشائی سیڑیوں پر بیٹھ کر میچ دیکھا کرتے تھے۔قذافی اسٹیڈیم میں میچز 20 اور 21 مارچ کو ہوں گے جس کیلئے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت میں کمروں کی توسیع کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد رنگ و روغن کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا اور اس سے قبل دو کوالیفائنگ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔