لاہور(این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے جو آئندہ ماہ اپریل میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان آئے گی۔گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد ورلڈ الیون نے پاکستان کا دورہ کر کے ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار کیا جس کے بعد سری لنکا کے کامیاب دورے نے پاکستان کو کھیلوں کیلئے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے اس پر مہر ثبت کردی۔
سری لنکا کے دورے کے بعد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز سے سیریز کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم دونوں ملکوں کے درمیان تاریخوں کے تعین پر اختلافات کے ساتھ ساتھ چند دیگر امور طے نہ ہونے کے سبب یہ سیریز کھٹائی میں پڑتی نظر آ رہی تھی تاہم اب اس پر چھائے نامیدی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئندہ ماہ یکم اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ تین میچ کھیلے۔