شارجہ(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ ان کی توجہ صرف پاکستان سپر لیگ پر نہیں بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی ہے۔کراچی کنگز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو شروع ہوئے تین سال ہی ہوئے ہیں، اس سے پہلے سے ٹیم میں کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے آتے ہیں۔فہیم اشرف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اگر کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائے تو ٹیم میں جگہ بناسکتا ہے ۔
تمام چیف سیلیکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کے میچز دیکھنے آتے ہیں۔آل راؤنڈر نے کہا کہ اس طرح کی لیگز کھیلنے سے سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے کیوں کہ یہاں سینئرز، غیر ملکی کھلاڑی اور لیجنڈری کھلاڑی موجود ہوتے ہیں۔پچز کے معیار کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ان کا کام نہیں، گراؤنڈزمین بچیں بناتے ہیں، ان کا کام جیسی بھی وکٹ ہو اس پر کھیلنا ہے پھر چاہیں ٹرننگ وکٹ ہو یا فلیٹ، ہم اپنا 100 فیصد دیتے ہیں اور ٹیم کو جتوانے کی کوشش کرتے ہیں۔