شارجہ(آئی این پی) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ میں بولنگ کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دے دیا۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار شاندار ہے، ایک بلے باز ہونے کی حیثیت سے آپ کو اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کے پاس کچھ اچھے فاسٹ بولرز اور اسپنرز موجود ہیں۔
اور یہ تمام بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہیں۔تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیگ میں بلے بازی کے معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اس کی وجہ شاید یہ بھی ہے کہ وکٹیں اتنی اچھی نہیں جتنی ہوسکتی ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کیچنگ کا معیار بھی انتہائی شاندار ہے جبکہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین کام کررہی ہے۔کوئٹہ کے ساتھ تین سال سے وابستہ رہنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم فیملی جیسی ہے اور انہیں یہاں ہمیشہ سپورٹ ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ندیم عمر ٹیم کے ایسے مالک ہیں جن کے لیے آپ میچ جیتنا چاہیں گے کیوں کہ وہ آپ کو بہت عزت دیتے ہیں۔