لاہور(آئی این پی)اظہرعلی کی کرکٹ میں سنچری کے ساتھ واپسی ہوئی۔ قائداعظم ٹرافی سپر ایٹ میں شانداراننگ سے تجربہ کار بیٹسمین نے فٹنس ثابت کردی۔ نیوزی لینڈ ٹور کے لئے قومی ٹیم میں واپسی یقینی بنالی۔پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی گھٹنے کی انجری کی وجہ سے سری لنکا سے یو اے ای میں ٹیسٹ سیریز کے بعد کھیل سے دور رہے۔
وہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز اور قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی شرکت نہ کرسکے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر بیٹسمین کو فٹنس بحالی کے لئے انگلینڈ بھیجا۔جہاں ایک ماہ ماہرین کی زیر نگرانی فٹنس بہتری کے لئے کام کیا۔ پھر وطن واپسی پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی ٹریننگ کے ذریعہ فٹنس بہتر بنائی۔ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل فارم اور فٹنس ثابت کرنے کے لئے اظہر علی نے قائداعظم ٹرافی سپر ایٹ
مرحلے کے پہلے میچ میں اپنے محکمہ سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کی اور پہلے روز ایچ بی ایل کے خلاف سنچری بناکر فٹنس ثابت کردی۔اظہرعلی نے229گیندوں پر 12چوکوں کی مدد سے108رنز بنائے جس کے بعد نیوزی لینڈ ٹور کے لئے ان کا چنا یقینی ہوگیا۔ اظہر علی پاکستان کی جانب سے 62 ٹیسٹ اور 50 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔