ٹوکیو(آئی این پی)جاپانی رکن پارلیمنٹ اور سابق ورلڈ ریسلنگ چیمپئن محمد حسین اینوکی کے ساتھ ایک درجن سے زائد جاپانی ریسلرز اور سومو پہلوان بھی پاکستان آئیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اینوکی نے کہا کہ ان کا دورہ حکومت پاکستان کی اجازت سے مشروط ہے، انہوں نے اپنے دورے سے متعلق تفصیلات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کے گوش گزار کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اور جاپانی ریسلر و سومو پہلوان پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 65 برس مکمل ہونے پر پاک جاپان اسپورٹس ویک منانے
کے خواہاں ہیں۔اسپورٹس ویک کے دوران وہ اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں پاکستانی پہلوالوں کے ساتھ ریسلنگ اور سومو ریسلنگ مقابلے منعقد کریں گے۔اینوکی کے دورہ پاکستان کی منتظم پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کے مطابق اینوکی کے دورہ پاکستان سے متعلق تفصیلات اور پلان پاکستانی سفیر جلد اجازت کی غرض سے پاکستان بھجوادیں گے۔سفیر پاکستان کا کہنا ہے کہ اینوکی کے دورے سے پاک ۔ جاپان تعلقات کو فروغ ملے گا جبکہ ریسلنگ کے مقابلوں سے پاکستانی عوام بھی محظوظ ہوئے بغیر نہ رہ سکیں گے۔