لاہور( آن لائن ) بھارت نے باہمی لیگ ہاکی میچز کیلیے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ پاکستان پر چھوڑ دیا، روایتی حریفوں کے درمیان سیریز سمیت ایشیا میں کھیل کے فروغ کیلیے دونوں ملکوں کے فیڈریشن حکام رواں برس جالندھر میں شیڈول جونیئر ورلڈکپ کے دوران ایک بار پھر سر جوڑ کر بیٹھیں گے، یاد رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے پلان کے تحت دونوں پڑوسی ملکوں کو ہوم اینڈ اوے سیریز کھیلنا ہے، سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے پاکستان مقابلے نیوٹرل وینیو پر کرانے کی تجویز پیش کرچکا۔ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر بات چیت ہوسکتی ہے، اگر پی ایچ ایف خواہشمند ہے تو اس کو وینیو کا فیصلہ بھی کرلینا چاہیے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے دبئی میں ہونے والے الیکشن میں پی ایچ ایف حکام سے ملاقات ہوئی تھی، اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی 2014کے سیمی فائنل میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے سمیت تمام متنازع امور کا حل تلاش کرلیا گیا، اب کسی معاملے میں اختلافات نہیں۔ہاکی انڈیا لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کے سوال پر نریندر بٹرا نے کہا کہ آئندہ ایڈیشن کیلیے چھوٹے پیمانے پر نیلامی میں صرف 8سے 10پلیئرز موجود ہونگے، یہ فرنچائزز پر منحصر ہوگا کہ وہ پڑوسی ملک کے پلیئرز کو لینا چاہتے ہیں یا نہیں۔ادھر سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئرکا کہنا ہے کہ دبئی میں شیڈول انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کانگرس کے اجلاس میں ہاکی انڈیا چیف اور ایف آئی ایچ صدر نریندر بٹرا سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، دونوں اطراف سے بات چیت کو آگے بڑھانے پر نہ صرف اتفاق ہوا بلکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے انعقاد اور ایشیائی ہاکی کے فروغ کے حوالے سے بھی مثبت انداز میں بات چیت ہوئی۔۔#/s#